Muhammad Asad Ul Rehman

Cyber Security Professional

Cyber Psychologist

an Adventurer

Muhammad Asad Ul Rehman

Cyber Security Professional

Cyber Psychologist

an Adventurer

Post

Han Hum Sb Joker Hain

ہاں ہم سب جوکر ہیں

گزشتہ روز آفس کے کاموں سے فارغ ہونے کے بعد آفس کے ساتھیوں کے ہمراہ تفریح کی غرض سے ہم اسلام آباد کے ایک پارک میں گئے ۔سیڑھیاں چڑھتے ہوئے جیسے ہی سامنے کھڑے ایک شخص پر نظر پڑی میں چونک اُٹھا۔اس شخص نے عجیب سے رنگ برنگے کپڑے پہن رکھے تھے جس پر تیز رنگوں کی پٹیاں سی لگی ہوئی تھیں ۔سر پہ پھندنے والی گہرے سُرخ رنگ کی ٹوپی تھی اور چہرے پر سفید چونا ملا ہواتھا۔سرخ رنگ کی گول گیند ناک پر جمی ہوئی تھی اور سرخ رنگ سے ہی ہونٹوں پہ ایک بڑی سی ’’مسکراہٹ’’بنائی ہوئی تھی۔باوجود اس کے کہ اس کے ہونٹوں پہ کوئی مسکراہٹ نہ تھی لیکن لوگوں کو اس بڑی سی سمائل سے یہی لگ رہا تھا کہ وہ ہر دم مسکرا رہا ہے۔وہاں موجود سبھی لوگوں نے اسے دیکھتے ہی سیٹیاں بجانی شروع کردیں ۔ وہ ایک جوکر تھا۔جی ہاں جوکرز،کلاؤن،بہروپیے، بھانڈ انھیں کتنے ہی نام دے دیں، ان سب کا مقصدیہ ہوتاہے کہ اپنی اوٹ پٹانگ حرکات سے ہمارے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں۔ان میں سے کسی بہروپیے کا بیٹا بیمار ہے تو کسی کے کاندھوں پر پورے کنبے کی کفالت کا بوجھ ہے۔ کسی کی بہنوں کو سہاگ کے جوڑوں کا انتظار ہے تو کوئی قرضے کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔ہاں یہ وہ انسان ہیں جو اپنی مجبوریوں کا سودا کر تے ہیں اور ہماری خوشی کے لئے طرح طرح کے سوانگ بھرتے ہیں۔ہمارے ہونٹوں پر مسکراہٹ بکھیرنے کے لئے لاکھوں جتن کرتے ہیں۔یہ فنکارجواپنے دکھ اپنے آنسوؤوں میں چھپا کر ہمارے لئے ہنسی کا سامان کرتے ہیں، ہمارے دکھوں کو بھلانے کی کوشش کرتے ہیں وہ نہ تو بہت شہرت کے تمنائی ہوتے ہیں نہ ہی انھیں زیادہ دولت کی ہوس ہوتی ہے ہاں لیکن معاشرتی ناانصافیوں نے اُسے جوکرز، بھانڈ، مداری اور کلاؤن بنا دیا۔ ایک ایسے معاشرے نے جہاں ان کے لئے کوئی متبادل اور مناسب روزگار نہیں۔یہ محض کٹھ پتلیاں ہیں جو ہمارے اشاروں پر ناچ رہی ہیں۔ پردے پر آنے کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے والے،اپنی عزت نفس کا سودا کرنے والے یہ عظیم فنکار کوئی معمولی تو نہیں۔ ان کی زندگی ارزاں تو نہیں۔کیا ان کے پاس جینے کا اختیار نہیں؟ یا وہ انسا ن نہیں؟جوکر کی ہر ادا پہ ہنسا جاتا ہے حتی کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ زندگی کی طرح اسکی موت بھی ایک مذاق ہے کہ لوگ اس کی حیات کے ختم ہونے پر بھی ہنستے ہیں، اس پر صرف اس لئے افسوس کیا جاتا ہے کہ ایک کامیڈین مر گیا، ایک ہنسانے والا دنیا سے گذر گیا، لیکن جب مختلف کردار ادا کرتے ہوئے اس کا اندر کا انسان مر جاتا ہے تو ہم اسکی موت کو کیوں محسوس نہیں کرتے؟ جب اتنی محنت کے بعد ایک جوکر کو اس معاشرے سے صرف نفرت ملتی ہے تواس کا حال بھی زندہ لاش جیسا ہی ہوتا ہے۔شکسپئیر نے کہا تھا کہ دنیا ایک اسٹیج ہے اور یہاں ہر شخص ایک فنکار ہے جو اپنا اپنا کردار ادا کرنے کے بعد اپنی ابدی منزل کی طرف روانہ ہو جاتا ہے ۔جی ہاں اس دُنیا میں ہر شخص جوکر ہے ۔ اگر جوکر نے سفید چہرے و ایک بڑے ’’سمائل ‘‘ کے پیچھے اپنے دُکھ چھپائے ہوتے ہیں اور ہم میں سے بھی ہر شخص چہرے پہ ایک نقاب رکھتا ہے جو کے عام آنکھ سے تو نظر نہیں آتا پر اگر انسانیت کی آنکھ سے دیکھا جائے تو وہ نقاب ہمیں نظر آئے گا اور نظر آئی گا اس نقاب کے پیچھے چھُپی ہوئی اداسی۔ کسی نے خوب کہا تھا کہ جو شخص جتنا زیادہ ہنستا ہے اُتنا زیادہ اداس ہوتا ہے۔ ایسا کیوں؟ کیوں کے ہم بھی جوکر ہیں ۔ہم بھی اپنی عارضی مسکراہٹ کے پیچھے ڈھیروں اداسی، ہزاروں دُکھ ، آنسو چھپائے ہوتے ہیں ۔ہر شخص یہ سمجھتا ہے جتنا دُکھ وتکالیف وہ برداشت کر رہا ہے شاید کسی اور کو نہیں ہو گا پر حقیقت یہ ہے کہ کوئی آنکھ ایسی نہیں جو کبھی نم نہ ہوئی ہو کوئی انسان ایسا نہیں جس پہ کبھی اداسی کی کیفیت طاری نہ ہوئی ہو ۔ہم میں سے ہی کئی لوگ ایسے ہوتے ہیں جو دِکھنے میں تو ذندہ لگتے ہیں پر دارحقیقت وہ مر چُکے ہوتے ہیں لیکن ہمیں اس کا احساس تک نہیں ہوتا۔


Discover more from Muhammad Asad Ul Rehman

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Write a comment